اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کے عمل میں یورپی یونین کی جانب سے اہم اور آزادانہ کردار ادا کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ انھوں نے تہران میں قبرص کے نائب وزیرخارجہ الیگزنڈرس این زینون سے گفتگو میں دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تعلقات، ماضی سے زیادہ فروغ پائیں گے۔ اس ملاقات میں قبرص کے نائب وزیرخارجہ نے بھی اپنے دورۂ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات، نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ انھوں نے ایران اور عالمی برادری کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کو مختلف شعبوں میں تعاون کی راہ ہموار ہونے کا باعث قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ یورپی یونین، ایران کے ساتھ تعلقات میں استحکام کی خواہاں ہے۔
.......
/169